متحدہ عرب امارات میں طوفانی ژالہ باری نے 3 افراد کی جان لے لی

Hailstorm

Hailstorm

دبئی (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں طوفانی ژالہ باری نے 3 افراد کی جان لے لی۔ عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارت کی مختلف ریاستوں میں غیر متوقع بارش اور ژالہ باری نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔

سب سے زیادہ نقصان راس الخیمہ میں ہوا جہاں اس قدر شدید ژالہ باری ہوئی کہ باقاعدہ برفباری کا گمان ہونے لگا۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں 750 مقامات پر سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ کم از کم 3 افراد اس کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ راس الخیمہ میں اب تک 38 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، بارش اور ژالہ باری کا یہ سلسلہ مزید ایک روز جاری رہے گا اس لئے عوام کو ہدایت کی جاتی ہے وہ محتاط رہیں۔