پیرس (جیوڈیسک) پیرس میں دہشت گرد حملے کے دوران متعدد افراد کی جان بچانے والے مسلمان نوجوان کو فرانس کی شہریت دے دی گئی۔ افریقی ملک مالی سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ لسانا باتھیلی کو شہریت دینے کے لیے پیرس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں فرانس کے وزیر اعظم منوئل والس اور وزیر داخلہ برنارڈ بھی موجود تھے۔
فرانس حکومت کی جانب سے باتھیلی کو جرات کا مظاہرہ کرنے پر شہریت کے علاوہ ایک خصوصی میڈل اور صدر کی جانب سے خط بھی دیا گیا۔تقریب سے خطاب میں فرانسیسی وزیر داخلہ نے لسانا باتھیلی کی جرات اور بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ آج لسانا کا خواب پورا ہورہا ہے اور اسے فرانس کی شہریت دی جارہی ہے۔ اس موقع پر باتھیلی نے فرانسیسی حکومت، اپنے اہل خانہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔