قائد آباد کے الیکٹرانکس تاجر فیصل رحمن پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائےانجمن تاجران

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد آباد کے الیکٹرانک تاجر پر بھتہ خوروں نے بھتہ نہ دینے پر حملہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے الیکٹرانک تاجر فیصل رحمن و لد کے پی عبدالراحمن بھتہ خوروں کی فائرنگ سے معجزانہ طور پر بچ گئے واضح رہے کہ طویل عرصے سے قائد آباد کے تاجر بھتہ خوری اور جرائم پیشہ عناصر کی کاروائیوں کی وجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

تاجر فیصل رحمن جنہیں کافی عرصے سے بھتہ خوروں کی جانب سے بھتے کی پرچیاں ہورہی تھیں گزشتہ روز وہ اپنی رہائش گاہ سے دوکان قائد آباد جارہے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے انہیں گھیرنے کی کوشش کی مگر وہ اپنی گاڑی بھگاتے ہوئے ملزمان کی فائرنگ سے محفوظ رہے تاجر فیصل رحمن کے ایک بھائی یوسف رحمن عدم تحفظ کا شکار ہوکر بیرون ملک منتقل ہو چکے ہیں جبکہ ایک بھائی یونس رحمن جان کے خوف سے در بدر ہیں۔

انجمن تاجران قائد آباد خلد آباد کے تمام عہدیداران نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاجر برادری کو بھتہ خوروں سے نجات دلا ئیں تاکہ بے خوف و خطر اپنی تجارتی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں بصورت دیگر تاجر برادری اپنا کاروبار بیرون ملک منتقل کرنے پر مجبور ہو گی۔

جاری کردہ :۔ سیکریٹری اطلاعات
انجمن تاجران قائد آباد