شوگر ملرز کا سندھ میں 182 روپے فی من گنا خریدنے سے انکار

Sugar Cane

Sugar Cane

کراچی (جیوڈیسک) چینی کے نرخ مقرر نہ ہونے تک شوگر ملرز نے سندھ میں 182 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدنے سے انکار کردیا ہے، تو آبادگاروں نے بھی اپنی احتجاجی تحریک دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان شوگر ملرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسکندر خان کا کہنا ہے کہ چینی کے نرخ طے ہونے تک کسانوں کو گنے کے مقررہ نرخ نہیں دے سکتے، 182 روپے من گنے کے حساب سے چینی کی فی کلو قیمت 64 روپے ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ملیں 180 روپے میں گنا خرید کر اربوں کا نقصان کررہی ہیں۔ دوسری جانب گنے کے مقررہ نرخ نہ ملنے کے سبب سندھ کے آباد گاروں نے دوبارہ احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ نائب صدر سندھ آبادگار بورڈ محمود نواز شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی احتجاج میں بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی کرادی ہے جس پر ان کے شکر گزار ہیں۔