سکھر (جیوڈیسک) واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف لاہور، ملتان اور سکھر میں ملازمین سراپا احتجاج بن گئے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلہ مزدور دشمن ہے، واپڈا کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین سڑکوں پر آ گئے ، لاہور میں پریس کلب سے ایوان وزیر اعلیٰ تک ریلی نکالی گئی ، شرکا نے مال روڈ بلاک کر کے شدید نعرے بازی کی۔ ملتان میں بھی میپکو کے درجنوں ملازمین نے احتجاج کیا ، مظاہرین نے ایل ایم کیو روڈ تین گھنٹے تک بلاک رکھا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا کی نجکاری ملازمین پر خودکش حملے کے مترادف ہے۔ سکھر میں واپڈا ملازمین ممکنہ نجکاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ، ملازمین نے سیپکو دفاتر کی تالا بندی کی۔ بعد میں قاسم پارک سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکال گئی۔
مظاہرے کے دوران سیپکو کا ملازم بے ہوش ہوگیا ۔ کندھ کوٹ میں واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین نے چیف آفس کے باہر احتجاجی دھرنا ، مظاہرین نے واپڈا نجکاری کو حکومت مزدور دشمن منصوبہ قرار دیا۔ لاڑکانہ میں بھی ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی ، دفاتر کو تالے لگا دئیے گئے۔
ملازمین نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر جناح باغ چوک تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ ٹنڈو محمد خان میں بھی حیسکو کی ممکنہ نجکاری کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرین نے واپڈا کی نجکاری کے فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔