بااختیار جوڈیشل کمیشن بن جائے تو اسمبلیوں میں چلے جائیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابی دھاندلی سے متعلق حکومت کمزور جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتی ہے اس لئے بااختیار کمیشن کے قیام تک اسمبلیوں میں نہیں جائیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کا احتساب نہیں ہوتا اس لئے دو خاندانوں نے باریاں بانٹ رکھی ہیں، آزاد عدلیہ کے بغیر شفاف انتخابات ممکن نہیں اور موجودہ حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات میں سنجیدہ نہیں اس لئے حکومت کمزور جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتی ہے۔

تاہم بااختیار جوڈیشل کمیشن کے قیام تک اسمبلیوں میں نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد حکومت کی اس لئے حمایت کی کہ یہ نہ کہا جائے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری وجہ سے کوئی رکاوٹ ہے۔

جب کہ اس سے قبل کچھ بھی ہوتا تھا تو دھرنے کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا تھا اور اب تو دھرنا بھی نہیں ہے تو پیٹرول بحران کیسے پیدا ہوگیا اور اس پر سرچارج کیوں لگا دیا گیا۔