تلہ گنگ : توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلہ میں تلہ گنگ میں جماعة الدعوة کے تحت حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی جس میں طلبائ، وکلائ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد نماز جمعہ مرکز خالد بن ولید عقب دارا آٹوز سے حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کا آغاز ہوا اور صدیق آباد چوک،پرانا لاری اڈہ،ٹریفک چوک سے ہوتی ہوئی ریلی جی پی او چوک پہنچی جہاں جماعة الدعوة چکوال کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ نثار،انجمن تاجران تلہ گنگ کے مولوی اکرام،مرکزی جمعیت اہلحدیث تلہ گنگ کے رہنما مولانا عبدالرزاق،ٹیچر یونین تلہ گنگ کے رہنما خالد مسعود،ڈاکٹر ز یونین کے ڈاکٹر عبدالحق،جماعة الدعوة تلہ گنگ کے امیر محمد اصغر،تحریک حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے رہنما مولانا عرفان صادق،قاری مطیع الرحمان و دیگر نے خطاب کیا۔
ریلی کے شرکاء میں میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف شدیدغم و غصہ دیکھنے میں آیا اور شرکاء کی جانب سے حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جان بھی قربان ہے’ کے فلگ شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اسلام و مسلمانوں کے خلاف کھلا اعلان جنگ ہے’ گستاخان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پشت پناہی کرنے والے تہذیبوں کی جنگ بھڑکا رہے ہیں اور گستاخانوں خاکوں کی اشاعت صلیبی و یہودی دہشت گردی ہے’ جیسی تحریریں درج تھیں۔
جی پی او چوک تلہ گنگ میں ریلی کے شرکاء سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر مسلمان کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتے۔ فرانس میں چالیس ممالک کے سربراہوں نے کہا کہ ہم سب چارلی ہیں تو وہ سن لیں،اگر تم سب چارلی ہو تو ہم سب محمدی ہیں۔ فرقوں سے بلند و بالا ،امت مسلمہ کی نمائندگی کرنے والی عظیم قوت تحریک حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جاری رہے گی۔
حرمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حفاظت ہمارے دین کا حصہ ہے۔ہم سب کچھ قربان کریں گے مگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔حکمران توہین آمیز خاکوں کے خلاف عالمی سطح پر قانون سازی کے لئے تحریک کھڑی کریں۔