حکومت نے 12 لاکھ ٹن گندم برآمد کرنے کی اجازت دیدی

Wheat

Wheat

اسلام آبا د (جیوڈیسک) ملک میں وافر ذخیرہ ہونے کے باعث حکومت نے 12 لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے دی۔مہنگی مقامی گندم کو عالمی منڈی میں سستے داموں بیچنے پر حکومت 6 ارب 20 کروڑ روپے کی سبسڈی برداشت کرے گی۔

اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کی ۔کمیٹی نے ملک میں گندم کے وافر ذخائر ہونے اور نئی فصل آنے میں صرف 2 ماہ رہ جانے کے باعث 12 لاکھ ٹن گندم ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ پنجاب سے 8 لاکھ جبکہ سندھ سے 4 لاکھ گندم برآمد ہوگی۔

حکومت برآمد پر تقریباً 5 ہزار 200 روپے فی ٹن یعنی مجموعی طور پر 6ارب 20 کروڑ روپے کی سبسڈی دیگی۔ایکسپورٹرز کا کہنا ہے عالمی سطح پر فی ٹن گندم 285 ڈالر کے قریب دستیاب ہے جبکہ مقامی گندم بغیر سفری لاگت کے 315 ڈالر فی ٹن پڑتی ہے، اس لیے اس کو ایکسپورٹ کرنے کی خاطر سبسڈی دینی پڑ رہی ہے۔ اجلاس میں گندم کی درآمد پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آئی ڈی پیز کو 30 ہزار ٹن گندم، ادارہ عالمی خوراک کے ذریعے تقسیم کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔کمیٹی نے بجلی گھروں کی پیداواری لاگت، بجلی کی قیمت میں شامل کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔