پنجاب حکومت کالعدم دہشت گرد جماعت کے ہاتھوں یرغمال ہے: ناصر عباس شیرازی

Nasir Abbas Shirazi

Nasir Abbas Shirazi

اسلام آباد: دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو روایتی بیلنس پالیسی سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کو نقصان پہنچانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے دہشت گرد مخالف لوگوں کی گرفتاریاں انکی متعصبانہ سوچ کی عکاسی ہے پنجاب حکومت کالعدم دہشت گرد جماعت کے ہاتھوں یرغمال ہے خادم اعلیٰ پنجاب کا دہشت گرد گروہ کو ان کیخلاف کاروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کروانا دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے پر کاری ضرب ہے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے سیاسی کونسل کے اراکین کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن دہشت گردوں اورپر امن شہریوں میں تمیز کی جائے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں ملت جعفریہ کے درجنوں افراد کو بلا وجہ گرفتار کیا جا رہا ہے۔

کئی گھروں میں چھاپے مار کر چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے ،پاکستان میں سب سے زیادہ دہشت گردی کے شکار لوگوں کو محض تکفیری دہشت گردوں کو خوش کرنے کے لئے ہرساں کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے موجودہ اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ یہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کس قدر سنجیدہ ہے۔

سید ناصرشیرازی نے اس موقع پر مزید کہا کہ حکمران گلگت بلتستان میں دھاندلی کے منصوبے بنا کر اپنی حکومت کیلیے مشکلات کھڑی کر رہے ہیں،ہم گلگت بلتستان کے متنازعہ نگران سیٹ اپ کو ہرگز قبول نہیں کرینگے اگر گلگت بلتستان میں 35پنکچر کی تاریخ دہرانے کی کوشش کی گئی تو حکمرانوں کا یوم حساب آجائے گا ۔گلگت بلتستان کے عوام اس کوکسی صورت برداشت نہیں کریں گے ،گلگت بلتستان میں ہم خیال جماعتوں سے مل کر بہت جلدلائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔