سپین میں چار مشتبہ دہشت گرد گرفتار، خودکش حملہ آور ہونے کا انکشاف

Spain

Spain

میڈرڈ (زاہد مصطفیٰ اعوان) سپین کی پولیس نے مراکش کی سرحد سے ملحقہ شہر سیوتا کے علاقے میں چار مشتبہ جہادیوں کو گرفتار کر لیا۔ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے شدت پسندی کا گروپ کیوں بنایا۔

سپین کے وزیر داخلہ خرخے فرینیڈس دیاز نے کہا ہے کہ گرفتار افراد اور چارلی ایبڈو پر حملہ آوروں کے مابین مماثلت دیکھ کر بہت حیرانگی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد دو بھائی ہیں اور وہ انتہائی ماہر، تربیت یافتہ اور حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس پر بھی تیار ہیں کہ اپنے آپکو خودکش حملے میں قربان کر دیں۔

ان دہشت گردوں کو دو مکانات کی تلاشی کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار شدہ افراد اور ماہ رواں کے اوائل میں پیرس میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے حملہ آوروں کے درمیان کوئی رابط ظاہر نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ حکام نے اس علاقے میں پہلے بھی متعد مشتبہ شدت پسندوں کو حراست میں لیا تھا۔