لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں دبئی سے مسلم لیگ (ن) کے عہدیدار ملک دانش اعوان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بہاولپور سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی احسان الحق اور مسلم لیگ (ن)یورپ کے کوآرڈینیٹر حافظ امیر علی اعوان بھی موجود تھے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی، غربت اور جہالت کے خاتمے کے لئے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم بہت جلد دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو ملک و قوم کی بھلائی اور ترقی کے لئے یکجا ہوکر کوششیں کرنا ہوں گی۔