مریدکے : ڈاکوؤں نے آڑھتیوں اور خریداروں کو لوٹ لیا

Robbers

Robbers

مریدکے (جیوڈیسک) آٹھ ڈاکوؤں نے جی ٹی روڈپر قائم سبزی منڈی سے دو درجن سے زائد آڑھتیوں اور خریداروں سے لاکھوں روپے اور پچاس کے قریب موبائل فون لوٹ لیے۔ بتایا گیا ہے کہ 8 ڈاکو فجر کے بعد جی ٹی روڈ پر قائم نیو سبزی منڈی میں داخل ہوئے اور وہاں پر موجود آڑھتیوں کو لوٹنے کے بعد ایک دکان میں یرغمال بنا لیا، بعد ازاں ہر آنے والے خریدار کو گن پوائنٹ پر لوٹ کر اسی دکان میں بند کرتے رہے۔

دو درجن سے زائد آڑھتیوں اور خریداروں سے لاکھوں کی نقدی اور پچاس کے قریب موبائل فون چھیننے کے بعد ڈاکو فرار ہو گئے۔ لُٹے پٹے آڑھتی اور خریدار ڈی ایس پی آفس مریدکے پہنچے تو گن مین نے بتایا کہ صاحب آرام فرما رہے ہیں۔ آڑھتیوں اور متاثرین نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک کر کے احتجاج کیا اور ملزموں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے تاحال مقدمہ درج نہیں کیا۔