عارف حمید کی ہدایات کے مطابق سوئی گیس صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا

Gas

Gas

گجرات (جی پی آئی) ایم ڈی سوئی گیس عارف حمید کی ہدایات کے مطابق سوئی گیس صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ صارفین کیلئے سوئی گیس دفاتر کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں جبکہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے جامع اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار جنرل منیجر سوئی نادرن گیس گجرات ریجن احسان اللہ بھٹی نے چارج سنبھالنے کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سوئی گیس صارفین محکمہ کیلئے انتہائی محترم ہیں ان کے مسائل کا حل میری ترجیحات میں سر فہرست ہے ، جنرل منیجر سمیت تمام افسران کے دفاتر کے دروازے صارفین کیلئے ہر وقت کھلے ہونگے اور وہ بلا جھجک تمام افسران سے رجوع کر سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ فیلڈ سٹاف کو ہدایات کر دی گئیں ہیں کہ جس صارف کا نیامیٹر لگایا جائے سروس لائن بچھائی جائے یا کوئی دوسری سروسز فراہم کی جائیں ان کے نام اور موبائل نمبرز حاصل کیے جائیں جبکہ وہ خود ان نمبروں پر رابطہ کر کے سٹاف کے رویہ بارے صارفین سے آگاہی حاصل کریں گے۔

احسان اللہ بھٹی نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود اور حکومتی پالیسی کے مطابق سوئی گیس صارفین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔