لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی کی عالمی جنگ میں ماہرین سمیت شائقین کو پاکستانی ٹیم سے کافی امیدیں وابستہ ہیں لیکن ماہرین کے مطابق فلیڈنگ کے شعبے میں قومی ٹیم ناتجربہ کار ہے۔
ماہرین کرکٹ کے مطابق ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کیلئے سب سے سنگین مسئلہ ناقص فیلڈنگ کا ہو سکتا ہے۔ ناتجربہ کار کھلاڑیوں کے لئے میگا ایونٹ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی تیز وکٹیں مشکل ہدف ثابت ہوسکتا ہے۔ فاسٹ باؤلنگ کا شعبہ سنبھالنے والے تمام باؤلر پہلی بار ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کرینگے جن میں محمد عرفان ، جنید خان ، احسان عادل ، شامل ہیں ۔ محمد عرفان 31ایک روزہ میچوں میں 29.51 کی اوسط سے 54 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں ، بہترین باؤلنگ 33رنز دیکر 4وکٹیں ہیں۔
باصلاحیت باؤلر جنید خان کیلئے میگا ایونٹ کڑا امتحان ہوگا ، پیسر نے ون ڈے کرکٹ کے 48 میچوں میں 25.90 کی اوسط سے 75 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ کے ناتجربہ کار پیسر احسان عادل اب تک صرف 2 ہی میچ کھیل چکے ہیں جن میں وہ ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ سپن باؤلنگ میں پاکستان کو سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی ، جادوگر سپنر کی غیر موجودگی میں کمان یاسر شاہ کے ہاتھ ہوگی۔ کسی بھی میگا ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرنیوالے یاسر شاہ اب تک ایک ون ڈے میچ ہی کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 2 وکٹیں حاصل کی۔