ملک کے مختلف حصوں میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، 7 زخمی

Traffic Accidents.

Traffic Accidents.

اسلام آباد/ کراچی (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہراہ فیصل پر لال کوٹھی کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہو کر پول سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں چار افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بروقت ہسپتال منتقل کیا۔ دو زخمی طلحہ اور فرحان جانبر نہ ہو سکے ، ڈاکٹرز کے مطابق سید تسبیح اور سلمان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

جامشورو میں سپر ہائی وے پر پولیس وین الٹ جانے سے تین اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کا شکار پولیس وین کراچی سے گھوٹکی جا رہی تھی کہ سپر ہائی وے پر لونی گوٹھ کے قریب ٹائر پھٹنے سے الٹ گئی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو اہلکاروں کی شناخت رضا گل اور بشارت کے نام سے ہوئی ہے ۔ اہلکاروں کی لاشیں سول ہسپتال حیدرآباد منتقل کر دی گئی ہیں۔

ڈیرہ غازیخان میں مسافر وین تھانہ دراہمہ کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں تین افراد اطہر حسین راحت حسین اور ریاض موقع پر جاں بحق اور پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے جن کو ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ٹراما سنٹرمیں داخل کرا دیا گیا ہے ، پولیس کے مطابق حادثہ شدید دھند کے باعث ہوا جس میں وین کا ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گیا ہے۔