بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ثبوت امریکا کے حوالے

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بتایا گیا ہے کہ امریکا نے ملا فضل اللہ کو مارنے یا زندہ گرفتار کرنے کے لیے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے جب کہ پاکستان نے امریکا کو بھارتی مداخلت کے ثبوت بھی فراہم کر دیئے ہیں۔ سینیٹر مشاہد حسین سید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

کمیٹی کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکا اور پاک امریکا دفاعی مشاورتی گروپ کے اجلاس سے متعلق ان کیمرا بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عالم خٹک نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکا نے افغانستان میں ملا فضل اللہ کو مارنے یا زندہ پکڑنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اس حوالے سے کارروائیاں جاری ہیں، فضل اللہ کے ٹھکانے پرامریکا نے ڈرون حملہ بھی کیا تاہم وہ بچ نکلا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان نے امریکا کو بھارت کی مداخلت سے بھی آگاہ کیا ہے اور اس حوالے سے ثبوت بھی فراہم کیئے ہیں۔

سیکریٹری دفاع نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکانے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے مختص اتحادی فنڈ میں توسیع کر دی ہے اور پاکستان کواس مد میں ایک ارب ڈالر ملیں گے۔