کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوام کو گیس بحران میں مبتلا کرکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے اور ٹریفک کا پہیہ جام کرنے والے نا عاقبت اندیش سیاستدان ملک و قوم کیلئے خطرہ ہیں ‘ مفاد پرست مافیا کا اقتدار پر قبضہ قوم کے مستقبل کو خطرات و خدشات سے دوچار کررہا ہے ‘ نظام تبدیل نہیں کیا گیا تو ملک میں خانہ جنگی کا اندیشہ ہے جس کے اثرات ملکی و قومی سالمیت کیلئے شدید مضر ثابت ہوں گے۔
محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی نے ملک میں جاری گیس کے بد ترین بحران کو حکومتی ناکامی اور استحصالی نظام کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاستدانوں کی مفاد پرستی و منافقت نے عوام کو طویل عرصہ سے بجلی بحران سے دوچار کیا ہوا ہے اور ان جمہوریت کے نام نہاد دعویداروں کی ناقص پالیسیوں کے باعث پیدا ہونے والے گیس بحران نے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں اور پٹرول و سی این جی بحران ٹریفک و صنعتوں کا پہیہ جام کررہا ہے جبکہ بجلی کی طلب و رسد میں فرق ملک کو ایکبار پھر اندھیروں کی جانب دھکیل رہا ہے اگر اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے گئے اور استحصالی نظام کا خاتمہ کرکے خود مختاری کے ذریعے عوام کو با اختیارا ور پاکستان کو خوشحال بنانے کے اقدامات سے اجتناب کیا گیا تو ملک خانہ جنگی سے دوچار ہوسکتا ہے اور ملکی سلامتی خطرے میں پڑسکتی ہے اسلئے ہمارے پیش کردہ فارمولے کے تحت ڈویژنل کونسلوں کو بااختیار بناکر مقامی خود مختاری قائم کی جائے تاکہ ملک سے بحرانوں و مسائل کا خاتمہ ہو اور خوشحالی کے ثمرات پاکستان کے ہر شہری تک پہنچ سکیں۔