کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہا کہ افسران اپنی خدمات عوام کیلئے وقف کردیں اور لوگوں کے جائز مسائل حل کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے دن را ت مصروف عمل رہیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے محکمہ ہیلتھ کے افسران اور یوسی انسپکٹر کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمرا ہ میونسپل کمشنر مسرور میمن ، فوکل پرسن کورنگی زون محمد مبین صدیقی، ڈائریکٹر ہیلتھ محمد رفیق شیخ ،ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ کورنگی زون سید محمد احمد نقوی اور دیگر بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کی تمام شاہراہوں اور لنک روڈ پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظام کئے جائیں اور مین شاہراہوں، لنک روڈاور سینٹرل آئی لینڈ کی بھی صفائی روزآنہ کی بنیادوں پر سر انجام دیا جائے اور یو سی انسپکٹر کو ہدایت دی کہ وقت کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے عملے کو پابند کریں کہ وہ بھی وقت کی پابندی کریں۔
مزید کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی مانیٹر نگ کریںاور اپنے کاموں میں ٹیم ورک کو برقرار رکھیں تاکہ بلدیہ کورنگی کی عوام النا س کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم پریشانی نہ ہو اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت اور کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جا ئیگا انہوں نے مزیدکہا کہ بلدیہ کورنگی انتظامیہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے عوام الناس کو صحت مند اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش میں مصروف عمل ہے۔