کشمیر کونسل یورپ کے تحت پیرس میں یوم سیاہ منایا گیا

Paris

Paris

پیرس (جیوڈیسک) بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پورپی ممالک میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، آج پیرس میں کشمیری عوام زاہد ہاشمی کی قیادت میں یوم سیاہ کی تقریب منعقد کریں گے جبکہ کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے زیر اہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ کو احتجاجاً یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔

اس موقع پر برسلزمیں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے کی اور لوگوں کی بڑی تعداد نے مظاہرے میں شرکت کی۔ اس دوران چوہدری خالد محمود جوشی، سردارصدیق، حاجی وسیم، میرشاجہان، حاجی خلیل، ملک اجمل، سرفرازرفیقی، رانامصرف، راجہ طاہر، ملک اخلاق، حاجی پرویز، شیخ ماجد، راجہ جاوید اور عامر سنی بھی موجود تھے۔ خطاب کرتے ہوئے کشمیرکونسل علی رضاسید اور دیگر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے اور کشمیریوں کو ان کاحق دیا جائے۔ علی رضاسید نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں۔

ان پر ناانصافیاں ختم ہونی چاہئیں تاکہ کشمیری خوشحال زندگی بسر کرسکیں، کشمیرمیں امن ہوگا تو پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضاسید نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے حق خودارادیت سے کبھی بھی دستبردارنہیں ہوگی، بھارت کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارا جنوبی ایشیاء اور پوری عالمی برادری یہ جانتی ہے کہ انسانی حقوق کشمیریوں کا ایک خواب ہے اور کشمیری قوم اپنے حق خودارادیت پر کبھی بھی سودابازی نہیں کرے گی، ہم نے کشمیریوں کے حقوق کی حمایت میں اپنی مہم چلا رکھی ہے اور ہرقیمت پر یہ مہم جاری رہے گی۔