اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اب بھی دہشت گرد گروپوں کوآزادی حاصل ہے، اس ماحول میں دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات شروع ہونا مشکل ہے۔ بھارت میں پیر کو یوم جمہوریہ منایا گیا۔ پاکستان میں یوم جمہوریہ کی تقریب بھارتی ہائی کمیشن میں ہوئی ،جہاں بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے تقریب سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ پاک بھارت مذاکرات کے ہونے یا نہ ہونے کا نہیں ہے ،اصل مسئلہ یہ ہے کہ مذاکرات شروع کون کرے، مذاکرات کے لیے ماحول کا ساز گار ہونا سب سے بڑی ضرورت ہے۔ پاکستان میں اب بھی دہشتگرد گروپوں کو آزادی حاصل ہے اور اس ماحول میں مذاکرات کا سلسلہ شروع ہونا بہت مشکل ہے۔
انھوں نے کہا کہ جماعت الدعوۃ پر 2008ء میں پابندیاں لگیں اور اس کے بعد بھی اس تنظیم کا جو کردار رہا سب کے سامنے ہے،ان پابندیوں کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ ٹی سی اے راگھوان نے واضح کیا کہ بھارت، امریکا تعلقات کو پاکستان سے منسوب کرنا درست نہیں، اگلے 10 سے 15سال تک جن ذرائع سے بھی ہوا بھارت توانائی حاصل کرے گا، ڈرون ٹیکنالوجی کسی کے خلاف استعمال کرنے کے لیے نہیں، اس کے کئی اور مقاصد بھی ہیں۔