اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں بیشتر مقامات پر موسم سرد اور خشک ہے، بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری جاری ہے۔ آج پاراچنار منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ کیساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ ہے۔ ملک کی بالائی وادیاں بارش اور برف باری کے بعد یخ بستہ ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں۔ ٹھنڈے ٹھار موسم میں گرما گرم سوپ، چائے، قہوے اور خشک میوہ جات کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں مقامی افراد کو جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافے اور بعض مقامات پر راستے بند ہونے سے مشکلات کاسامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاول پور اور سکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی۔ بعض شہروں میں پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ آج سب سے کم درجہ درجہ حرارت پارہ چنار میں منفی 9ڈگری،مالم جبہ اور کالام میں منفی8، کوئٹہ منفی7، گوپس منفی5، استور، قلات اور دروش منفی4،مری،ہنزہ اور اسکردو میں منفی2، دیر، راولا کوٹ، ژوب، ایبٹ آباد اور گڑھی دوپٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔