کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے اکیڈمی اورنگی ٹائون کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان محفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے اکیڈمی کے سرپرست اعلیٰ محمد عمر خان نے کہاکہ سیرت محمدی ہی نجات کا واحد راستہ ہے معاشرے میں پھیلی ہوئی بے چینی اور بحران سیرت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری کا نتیجہ ہے انہوں نے کہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات ہمارے زندگی گزارنے کا چارٹر ہے اس پر عمل کرکے نہ صرف ہم آپنے زندگی کو آسان اور سہل بنا سکتے ہیں۔
بلکہ معاشرے میں چھائے ہوئے اندھیروں کا خاتمہ اور خوشحال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں محفل میلاد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ملک کی ممتاز ثناء خوان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیدہ الماس اختر نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کرکے محفل کو پر نور کردیا اس موقع پر محفل سے خطاب کرتے ہوئے نعت خوان سیدہ الماس اختر نے کہاکہ درسگاہوں میں طلباء و طالبات کے لئے محفل میلاد کا انعقاد سے بچوں میں عشق نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا شعور اور محبت بیدار ہوتی ہے جو لوگ رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق سے اپنے دلوں کو منور کرتے ہیں اللہ کی رحمت کے بادل اُن لوگوں پر ہمیشہ سایہ بنے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام انسانیت کے لئے رحمت بن کر آئے ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہم مسلمان اور سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اُمتی ہیں نعت خوان سیدہ الماس اختر نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ دنیا علم کے حصول کے ساتھ دینی تعلیم پر بھر پور توجہ دیں اور سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مطالعہ اور اس پر عملی زندگی کو ڈھالیں محفل میں کے اکیڈمی کے سرپرست اعلیٰ محمد عمر خان اور ان کی اہلیہ نے نعت خوان سیدہ الماس اختر کو یادگاری شیلڈ پیش کی اس موقع پر اسکول کے پرنسپل انوار خان ،گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان ،راشد نسیم خان اور دیگر بھی موجود تھے۔