کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ تعلیم کے فروغ اور ملک میں یکساں تعلیمی معیار کے قیام کے لئے جد وجہد میں مصروف ہے ملک میں تعلیمی میعار کو بہتر بنا کر علم کو فروغ اور جہالت کے اندھیروں کو ختم کیا جاسکتا ہے
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایس جی ایم ایجوکیشن ایکسپرٹ کے زیر اہتمام شاہ فیصل کالونی میں آل شاہ فیصل ٹائون یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرانفارمیشن آفیسر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی محمد ارشد، معروف کوریو گرافر و سنگر امجد رانا، ایس جی ایم ایجوکیشن ایکسپرٹ کے روح رواں غلام محی الدین، ماہرین تعلیم، علاقہ سماجی رہنمائوں کے علاوہ اسکولوں کے اساتذہ، طلباء و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی
تقریب میں علم کے فروغ میں سرگرداں اداروں کے منتظمین قابل اساتذہ اور ہونہار طلباء و طالبات میں شیلڈز اور اسناد پیش کئے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مزید کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہر شعبے میں وہ اپنا لوہا منوانا جانتے ہیں بس ان کی درست سمت میں سرپرستی اور ان کی رہنمائی کی جائے تو ہمارا نوجوان دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کرسکتا ہے مگر افسوس کے ہمارے ملک میں حکومتی سطح پر ٹیلنٹ کی سرپرستی نہیں کی جاتی جس کی وجہ ہمارے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں
رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمدضیاء قادری نے تقریب میں موجو دطلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول کے ساتھ اپنے علم کو فروغ دیں انہوں نے کہاکہ علم کو فروغ دیکر ہی ہم ملک سے جہالت کے خاتمے کے ساتھ دہشت گردی ،لاقانونیت اور وڈیرانہ و جاگیر درانہ نظام کو ختم کرکے ملک میں خوشحالی لاسکتے ہیں انہوں نے شاہ فیصل کالونی میں علم کے فروغ نوجوانوں کو ہنر کی فراہمی میں ایس جی ایم ایجوکیشن ایکسپرٹ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے ادارے نیک نیتی اور جذبے کے ساتھ مشن کو لے کر چلیں تو ہمیں ترقی اور جہالت کے خاتمے سے کوئی نہیں روک سکتا
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے علم کے فروغ میں سرگرداں اساتذہ اکرام کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ایس جی ایم کے روح رواں غلام محی الدین نے اپنے ادارے کی مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ ایس جی ایم ایجوکیشن ایکسپرٹ شاہ فیصل کالونی اور گرد نواح کی آبادیوں میں بسنے والے نوجوانوں کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ مختلف شعبوں میں ہنر مند بنانے کی جدوجہد میں مصروف ہے اور انشاللہ ہم اپنے مقاصد کو کامیاب بنا کر علم کے فروغ اور نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں کامیابی حاصل کرینگے۔