امریکہ نے ملا فضل اللہ کو مارنے یا پکڑنے کی یقین دہانی کرادی

Mullah Fazlullah

Mullah Fazlullah

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی دفاعی کمیٹی نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر وزیرِ دفاع کو تنقید کا نشانہ بنایا، کمیٹی کو بتایا گیا کہ امریکہ نے ملا فضل اللہ کو مارنے یا پکڑنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سیکرٹری دفاع نے کمیٹی کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دورہ امریکہ پر بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق اجلاس میں خطے کی سیکورٹی اور افغانستان کے مستقبل پر بریفنگ دی گئی۔

سیکریٹری دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے کی سیکورٹی کے حوالے سے امریکہ کو اعتماد میں لیا اور امریکہ نے ملا فضل اللہ کو مارنے یا پکڑنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر چئیرمین کمیٹی مشاہد حسین نے بتایا کہ امریکہ رواں سال پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کے ایک ارب ڈالر دے گا، دفاعی حکام کے مطابق امریکی افواج رواں سال کے آخر تک افغانستان میں رہیں گی۔

کمیٹی کے اجلاس میں وزیرِ دفاع کی عدم شرکت پر ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ وزیرِ دفاع کمیٹی کو اہمیت نہیں دیتے، دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ افغانستان کا اعلٰی سطح کا دفاعی وفد اگلے ماہ پاکستان آئے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاک امریکہ دفاعی مشاورتی اجلاس میں پاکستان نےاگلے پانچ برس کے سیکورٹی وژن سے امریکہ کو آگاہ کیا، پاکستان، افغانستان اور امریکہ کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے کا نظام بہتر ہوا، امریکہ معمول کے سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو اسلحہ اور سیکورٹی آلات دے گا۔