شہید کارکنوں کے ورثا کے احتجاج کو حملہ کہنا شرم ناک ہے، رابطہ کمیٹی

Coordination Committee

Coordination Committee

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے چیف منسٹرہاوٴس پر ایم کیوایم کے شہیدکارکنوں کے لواحقین کے احتجاجی دھرنے کو وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کی جانب سے حملہ قراردینے کی شدیدمذمت کی ہے۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کاکہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کا بیان انتہائی شرمناک اور پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل ہونے والوں کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ 11جنوری کو ایم کیوایم کے شہید کارکنوں کے سوگوارلواحقین نے پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل کے واقعات پر وزیراعلیٰ ہاوٴس پر پرامن احتجاجی دھرنا دیاتھا۔

دھرنے میں شہیدوں کےلواحقین روتے رہے، لیکن نہ تووزیراعلیٰ سندھ آئے اورنہ ہی ان کے کسی وزیرنے باہرآکرشہیدوں کے لواحقین کی فریاد سنی۔ رابطہ کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ اپنی اس بے رحمی اورسفاکی پر شرمندہ ہونے کے بجائے آج وزیراعلیٰ سندھ نے شہیدوں کے لواحقین کے دھرنے کوحملہ قرار دیدیا ہے،اپنے اس عمل پر وزیر اعلیٰ سندھ لواحقین سے معافی مانگیں۔