کراچی: فشرمین کو آپریٹیو سو سائٹی کے چیئر مین ڈاکٹر نثار مورائی اور وائس چیئر مین سلطان قمر صدیقی نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایف سی ایس کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لئے ہر صور ت اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فشر مین کو آپریٹیو سوسائٹی میں ایک بر س کے دوران قلیل ، وسط اور طویل مدتی پلان تشکیل دیئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اس ضمن میں جیٹی کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے ، زیر التوا ء مسائل اور ملازمین کی تنخواہیں وقت پر جاری کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی میں اعلیٰ سطحی کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایف سی ایس کے تمام ڈائریکٹرز اور شعبہ جات کے منتظمین نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت ماہی گیروں کی فوری رہائی کیلئے ایک جامع پلان صوبائی حکومت کے توسط سے وفاقی حکومت کو بھیجا گیا ہے جس پر عملدرآمد سے ماہی گیروں کی جلد رہائی ممکن ہوسکے گی بھارت سے رہائی پانے والے ماہی گیرایف سی ایس کے پلان کے تحت ہی رہا ہورہے ہیں اور بہت جلد ضبط کی جانے والی کشتیاں بھی دو طرفہ تبادلے میں مل جائیں گیں۔
انہوں نے کہا کہ فشر مین کوآپریٹیو سوسائٹی میں صفائی ستھرائی کے کاموں کو فوقیت دی جارہی ہے تاکہ سمندری خوراک کو بہتر طریقے سے محفوظ رکھا جاسکے جدید طریقے سے ترسیل و آمد رفت کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر غیر ملکی مندوبین نے بھی اپنے اطمینا ن کا اظہار کیا ہے امید ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کے وفود بھی فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی کا دورہ کرینگے جس میں دو طرفہ تجارت پر تبادلہ خیال اور معاہدے کئے جائیں گے ایف سی ایس پر یورپی یونین کی طویل پابندی عائد رہی لیکن ایک برس کے اقدامات کے با عث یورپی یونین نے بھی پابندی اٹھالی ہے جو انتظامیہ اور ماہی گیروں کی بڑی کامیابی ہے۔