لاہور : سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ اوباما کے دورہ بھارت کے بعد پاکستان کے خلاف بھارت کا شر دو آتشہ ہو گیا ہے۔
بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں، مسلمانوں کو جبراً ہندو بنانے اور مسلمانوں کو زندہ جلانے کی شرانگیزیاں اور سرحدی اشتعال انگیزیاں پہلے سے بڑھ جائیں گی اور پاکستان کے لیے آنے والے دن مزید مشکل ہو جائیں گے ۔یہ پاکستان کی خارجہ پالیسیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
امریکا کے ماضی سے پاکستان کے بارے میں اس کے مستقبل پالیسیوں کو سمجھا جا سکتا ہے ۔وہ پاکستان کو اپنا آلہ کار تو بناتا رہے گا مگر پاکستانی کے حقوق کا کبھی علمبردار یا طرفدار نہیں ہو سکتا ہمارے حکمران امریکہ پر انحصار کرنے کی بجائے ملک کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں ۔ اور اپنے آپ کو امریکی بلاک سے نکالنے کے لیے ملک کی خارجہ پالیسی میں نظر ثانی کریں وہ دہشت گردی جس کے بھیانک اثرات سے پورا ملک متاثر ہے یہ آگ لگانے میں بھارت اور امریکا برابر کے پارٹنر ہیں لہذا ان دونوں سے اجتناب ضروری ہے۔