ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ فلم کک سے شہرت پانے والی سری لنکن اداکارہ جیکولین فرنینڈس اب بھارت کے مشہور کرکٹر سابق کپتان محمد اظہر الدین کی زندگی پر بننے والی فلم میں ان کی اہلیہ سابق ماڈل اور اداکارہ سنگیتا بجلانی کے کردار میں دکھائی دیں گی۔
بھارت کے ایک موقر روزنامے کی رپورٹ کے مطابق اظہرالدین کی اس بائیوپک میں اداکارہ کرینہ کپور خان کے کام کرنے سے انکار کے بعد اب فلمسازوں نے اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو کاسٹ کر لیا ہے۔ سری لنکن خوبصورت اداکارہ جیکولین فرنینڈس اب فلم میں محمد اظہر الدین کی اہلیہ سنگیتا بجلانی کا کردار ادا کریں گی۔
قبل ازیں بالی ووڈ بیبو کرینہ کپور نے اپنی نئی فلم اُڑتا پنجاب کو اس بائیوپک کے مقابلے میں چن لیا ہے جس کے بعد اب وہ اس فلم سے علیحدہ ہو گئی ہیں جب کہ ایک اور اطلاع تھی کہ کرینہ کپور کے پاس بہت سی دیگر فلمیں کرنے کے لیے تھیں جس کے باعث وہ اس فلم کے لیے وقت نہیں نکال پائیں جس پر انھوں نے خود کو اس فلم سے علیحدہ کرلیا تھا۔
بھارت کے سابق کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین کی زندگی پر بننے والی اس فلم میں مرکزی کردار اداکار عمران ہاشمی ادا کر رہے ہیں جب کہ فلم میں اداکارہ پراچی ڈیسائی کرکٹر محمد اظہرالدین کی پہلی بیوی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ ڈائریکٹر وکرم جیت سنگھ کی نئی فلم رائے میں جیکولین فرنینڈس دوہرے کردار میں ہیں اور وہ ان دنوں اپنے ان کرداروں کے لیے علیحدہ علیحدہ لہجے میں آوازیں ریکارڈ کروانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں۔