رسمی تعلیم کیساتھ تحقیقی شعبہ پر خصوصی توجہ ناگزیر ہے :گورنر

Chaudhry Mohammad Sarwar

Chaudhry Mohammad Sarwar

لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کا تقاضا ہے کہ ہم محض رسمی تعلیم کے حصول پر ہی اکتفا نہ کریں بلکہ خود کو جدید ٹیکنالوجی سے بہرہ مند کرتے ہوئے تحقیق کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں برٹش کونسل کے زیر اہتمام ہائر ایجوکیشن کے حوالے سے خصوصی سیشن سے خطاب کے دوران کیا جس میں برطانیہ سے ماہرین تعلیم ، ہائر ایجوکیشن کے نمائندوں اور محققین نے شرکت کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں برٹش کونسل کا کردار قابل تعریف ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ صرف پنجاب میں برٹش کونسل اس وقت 27 یونیورسٹیوں کے ساتھ معیار تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔ چوہدری محمد سر و رنے کہا کہ تعلیم کے شعبے کے بجٹ میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور میں خصوصی نالج پارک تعمیر کیا جار ہا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمدنے پنجاب میں تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو Ciaran Devane نے بتایا کہ برٹش کونسل پاکستانی طلباو طالبات کو برطانیہ کی یونیورسٹیوں تک رسائی میں مدد کے ساتھ ساتھ اب تک ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو تعلیم کے جدید طریقوں سے بھی آشنا کر چکی ہے اور 2018 تک پنجاب کے مختلف علاقوں سے تین لاکھ پچاس ہزار ایجوکیٹرز کو جدید تربیت فراہم کی جائے گی۔