دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2016 سے 2019 تک کے کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنیوالا بھارت مارچ سے اپریل تک ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے گا۔ ورلڈ کپ ٹی ٹونٹی 2016 کی میزبانی بھارت کرے گا۔
دبئی میں آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس میں جہاں محمد عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کا فیصلہ سنایا وہیں آئندہ چار سالوں میں ہونیوالے کرکٹ ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا اعلان بھی کیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ آئندہ سال 11 مارچ سے 3 اپریل تک بھارت میں سجے گا۔ بھارت کو مختصر فارمیٹ کے عالمی کپ کی میزبانی کا پہلی بار اعزاز حاصل ہو گا ۔ آئی سی سی ٹی 20 کوالیفائر 2015 آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں 6 سے 26 جولائی کو ہو گا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 یکم سے 19 جون تک انگلینڈ میں شیڈول کی گئی ہے۔
اسی سال ویمنز ورلڈ کپ بھی انگلینڈ ہی میں چار اگست سے 27 اگست تک ہو گا ۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2016 بنگلا دیش میں 22 جنوری سے 14 فروری تک کھیلا جائے گا۔ ویمنز ورلڈ کپ 2017 برطانیہ میں چار سے 27 اگست تک شیڈول کیا گیا۔ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2018 نیوزی لینڈ میں 12 جنوری سے 4 فروری تک کھیلا جائے گا۔
اسی سال ورلڈ کپ کوالیفائر بنگلا دیش میں یکم مارچ سے 4 اپریل تک کے شیڈول کا اعلان ہوا۔ ویمنز ورلڈ کپ 2018 کا انعقاد ویسٹ انڈیز میں 2 نومبر سے 25 نومبر تک ہو گا۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 30 مئی سے 15 جولائی تک برطانیہ کے دیس میں منعقد ہو گا۔