حکمران دوست اور دشمن کو کب پہچانیں گے؟

Pakistan

Pakistan

تحریر: میر افسر امان
اوباما کے دورہ بھارت پر پاکستان میں بحث ہو رہی ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے یہ بھارت اور امریکا کا معاملہ ہے وہ جانیں اور ان کا کام جانے۔ کوئی کہہ رہا ہے ہر ملک کے اپنے اپنے مفادات ہوتے ہیں وہ دوسرے ملکوں سے اپنے مفادات کے مطابق دوستی یا دشمنی کرتے ہیں۔ کوئی کہہ رہا ہے امریکا نے پاکستان کی٦٧ سالہ دوستی کے عوض بھارت سے یک طرفہ مختلف معاہدات کر کے پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ اور یہ سب مانتے ہیں کہ امریکا کی نہ دوستی اچھی نہ دشمنی اچھی۔

اس تناظر میں بھارت بھی امریکا سے دوستی کر کے دیکھ لے۔ اس میں کوئی ابہام نہیں کہ پاکستان بننے کے بعد پاک امریکا دوستی رہی ہے۔ پاکستان سینٹو اور سیٹو معاہدات میں امریکا کے ساتھ جڑا رہا ۔ سرد جنگ کے دور ان پاکستان امریکا کا اتحادی رہا۔ پاکستان نے امریکا کو روس کے خلاف فوجی سہولتیں دیں۔ جس سے پاکستان کو نقصان ہوا۔ مثلاً پشاوربڈھ پیر سے اڑ کرامریکا کا جاسوس جہاز یو ٹو روس کی جاسوسی کرتا رہا۔ جس پر روس ہمارا دشمن ہو گیا اور اس نے پاکستان سے بدلہ اس صورت میں لیا کہ جب بھارت نے اپنی فوجیں سابقہ مشرقی پاکستان میں داخل کیں تو دوسری طرف روس کی ایٹمی گن بوٹس نے پاکستان کی ناکہ بندی کی۔

روس نے بھارت کو دھڑا دھڑ اسلحہ دیا اور اس کے ساتھ دفاعی معاہدے بھی کیے۔ اس طرح بنگلہ دیش بنانے میں روس نے بھارت کا ساتھ دیا تھا۔کیمونزم اور سرمایا دارانہ نظام کی کشمکش کے دوران بھی پاکستان امریکا کا دوست تھا۔افغانستان پر کمیونسٹ روس کے حملے کے بعد جب افغانیوں نے روس کے خلاف جہاد شروع کیا تو امریکہ بھی روس کے ساتھ دشمنی کی وجہ سے اس جنگ میں شریک ہو گیا۔ پاکستان نے امریکا کی بھر پور مدد کی۔اور بلا آخر روس کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے۔ امریکا دنیا کی واحد سپر پاور بن گیا۔ امریکا نے نیو ورلڈ آڈر کا اعلان کر دیا جو آج تک قائم ہے۔اس تناظر میں امریکا کے نیو ورلڈ آڈر بننے میں پاکستان نے بھی مدد کی۔امریکا پاکستان کا دوست تھا اور اب بھی ہے۔ اب اس دوستی میں امریکاکی کارکردگی پر بات کرتے ہیں۔ جب پاک بھارت نے ١٩٦٥ء کی جنگ لڑی تو عین موقعہ پر امریکا نے پاکستان کو دفاعی سامان کے فاضل پرزے دینے سے انکار کر دیا۔ ایف سولہ معاہدے میں نقد رقم جمع کرنے کے باوجود وقت پر ایف سولہ نہ دیے ۔پاکستان کی بار باردرخواستوں کے اور خرید و فروخت کے بین الاقوامی اصولوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے اس کے عوض سوابین دی۔ اُس وقت کے امریکی وزیر خارجہ ہنری کیسنگر نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ بنگلہ دیش بنانے میں بھارت کے ساتھ امریکا بھی ملوث تھا۔ امریکاپاکستان کو ایٹمی پروگرام جاری رکھنے میں ہمیشہ دشواریاں پیدا کرتا رہا۔ بھارت نے دھماکہ کیا تو اس پر تو اقتصادی پابندیاں نہ لگائیں مگر جب اپنی حفاظت کے لیے پاکستان نے ایٹمی دھماکہ کیا تو اس پر پابندیاں لگا دیں۔ کشمیر کے مسئلے پر ہمیشہ بھارت کا ساتھ دیا۔

America and India

America and India

کشمیری جو بین الاقوامی اصولوں کے مطابق کشمیر کی آزادی کی جد و جہد کر رہے ہیں بھارت کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے انہیںدہشت گرد قرار دیا۔ امریکا نے جب ہمارے پڑوسی مسلمان ملک پر حملہ کیا تو پاکستان کے ڈکٹیٹر مشرف نے اس کا ساتھ دیا۔ پاکستان کی بحری، بری اور فضائی راستوں کو استعمال کی اجازت دی۔اس جنگ میں پاکستان کے پنتالیس ہزار شہری جن میں فوجی بھی شامل ہیں شہید ہوئے ایک کھرب ڈالر کا نقصان ہوا۔ امریکا پاکستان کے علاقعوں پر ڈرون حملے کر رہا ہے۔سہالہ پوسٹ پر حملہ کر کے ہمارے فوجیوں کو شہید کیا۔ افغانستان کی جنگ پاکستان میں لے آیا ہے۔ ڈکٹیٹر مشرف سے وعدہ کیا تھا کہ افغانستان میں پاکستان دشمن حکومت نہیں بننے دے گا۔ مگر آج وہاں پاکستان دشمن حکومت ہے ۔ ملا فضل اللہ افغانستان سے ہمارے آرمی پبلک اسکول پشاور میں دہشت گردی کر کے ١٤٠ بچوں کو شہید کر چکا ہے۔ بھارت افغانستان میں درجنوں کونصل خانے قائم کر کے پاکستان کے خلاف کاروائیاں کر رہا ہے۔اس کے باوجودامریکا ہم پر ڈبل گیم کا الزام لگاتا رہتا ہے۔ ہماری بہادر فوج کو اپنے ہی شہریوں سے لڑا کر خوش ہے۔ کیا کیا بیان کیا جائے۔ امریکا نے ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ دوستی کی آڑ میں دشمنی کی۔قربانیاں تو پاکستان سے مانگتا ہے اور دوستی کی پینگیں بھارت کے ساتھ بڑھتا ہے۔ اپنے دورے سے پہلے بھارت کو خوش کرنے کے لیے اوباما نے بھارتی اخبار کو انٹرویو دیا اور کہا ممبئی حملوں کے ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے ۔ کیا سمجھوتا ایکسپریس کے دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کرنے کی بات کرنے سے شرماتا ہے۔ اوباما نے کہا دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گائیں پاکستان میں ہیں۔ اوباما٢٥ جنوری کو بھارت پہنچے۔ مودی جس کو حیدر آباد میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر امریکی ویزے کی پابندی تھی اب پکا دوست بن گیا۔ امریکا نے بھارت کی ایٹمی نگرانی سے د ستبرداری کا اعلان کیا۔٢٠٠٨ء میں دونوں ملکوں نے جوہری تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

نئے سمجھوتے کے تحت اب تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ امریکا نے بھارت کو سلا متی کونسل میں مستقل رکنیت دینے کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ کیا بھارت کو یہ انعام ہے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مخالفت کا؟ کشمیر کے حوالے سے یہ قراردادیں اب تک اقوام متحدہ کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔ دونوں ملکوں نے دفاعی اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بھارت نے اپنی سفارت کاری سے ایک سپر پاور سے ریاعتیں حاصل کرلیں۔ کہاں گئی پاکستانی سیاست دانوں کی سفارت کاری جو اپنے ٦٧ سالہ دوست کوایک دن کے لیے پاکستان آنے کی دعوت نہ دے سکے؟ اب کیا اندرونی دہشت گردوں کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کے کام بھی مسلح افواج کا سربراہ کرے گا۔

امریکا بھارت گٹھ جوڑ پاکستان پر دبائو بڑھانے کا حربہ ہے۔ بھارت کے دورے کا توڑ کرنے کے لیے راحیل شریف چین کے دو روزہ دورے پر گئے۔ چینی ہم منصب سے ملاقات کی۔چینی حکام نے کہا کہ پاکستان کے خدشات درست ہیں ۔ چین کے لیے پاکستان کا کوئی متبادل نہیں۔چینی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہمیشہ ہر سطح پر مدد کی جائے گی۔ دونوں ملکوں کی منزل ایک ہے۔ چین نے اس مشکل موقعہ پر دوستی کا حق ادا کر دیا ۔پاکستانی عوام جو مودی کی شوخیوں کی وجہ سے خدشات میں مبتلا ہوئی تھی چین نے ہمیشہ کی طرح اس وقت بھی مکمل ساتھ دے کر پاکستانی عوام کے دل جیت لیے۔ حکمرانوں کو امریکا کے ساتھ ٦٧ سالہ دوستی کو از سرنو ترتیب دینا چاہیے۔ اب بھی نہیں تو کب ہمارے حکمران دوست اور دشمن کو پہچانیں گے۔

Mir Afsar Aman

Mir Afsar Aman

تحریر: میر افسر امان
کنوینر کالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی)
mirafsaraman@gmail.com