بھارت میں سنگدل باپ نے بیٹی کو زندہ زمین میں گاڑھ دیا

India

India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت کی ریاست تریپورہ کے علاقے پیوتہ میں سنگدل باپ نے 10 سالہ بیٹی کو ہاتھ پائوں باندھ کر زمین میں زندہ گاڑھ دیا۔ اس بات کی اطلاع جیسے ہی علاقہ مکینوں کو ملی تو وہ جائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے زمین میں گڑھی لڑکی کو نکال کر اس کے باپ کی خوب دھلائی کی۔

پولیس کے مطابق ملزم بیٹی کی پیدائش پر ناخوش تھا اور اسے ٹھکانے لگانے کے منصوبے بناتا رہتا تھا۔ اس دن جب اس کی بیوی گھر میں موجود نہیں تھی تو اس نے بیٹی کے ہاتھ پائوں باندھ کر گھر کے قریب گڑھا کھود کر زندہ دفنانے کی کوشش کی تاہم اہل علاقہ فوری طور پرپہنچ گئے جس کے باعث لڑکی زندہ بچ گئی۔

پولیس نے لڑکی کے والد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب متاثرہ لڑکی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کے مطابق لڑکی اپنے ساتھ پیش آنے واقعے سے کافی خوفزدہ ہے اور اس کی دماغی حالت مکمل طور پر ٹھیک نہیں ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں بچیوں کی پیدائش کو بوجھ سمجھا جاتا ہے جس کی وجہ سے حکومت نے بچے کی پیدائش سے قبل اس کی جنس معلوم کرنے پر بھی پابندی لگا رکھی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں بچیوں کے حوالے سے ایک مہم شروع کر رکھی ہے جس کا نام ہی ”بچی بچائو“ رکھا گیا ہے تاہم اس کے باوجود ہندو معاشرے میں خواتین اورلڑکیوں کو منحوس سمجھنے کی روایت پوری طرح زندہ ہے۔