سبی (محمد طاہر عباس) سبی میں زمیندار ایکشن کمیٹی اور سیاسی جماعتوں کا بجلی کے بدترین بحران اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف بلوچستان چوک پر دھرنا و مظاہرہ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے زمینداروںکو تباہ اور کاروباری طبقہ کا دیوالیہ نکال دیا ہے، آج شہر بھر میں احتجاجاً کاروباری مراکز بند کرکے شٹر ڈائون ہڑتال کی جائے گی۔
زمیندار ایکشن کمیٹی کا اعلان تفصیلات کے مطابق بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی ،نیشنل پارٹی ،بی این پی عوامی اور سول سوسائٹی کی جانب سے شہر میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جبکہ بلوچستان چوک پر احتجاجی دھرنا و مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک اسفند سیلاچی، نیشنل پارٹی کے میر اسلم گشکوری، بی این پی عوامی کے ٹکری اسلم جتوئی ودیگر نے کہا کہ بلوچستان میں بجلی کا بحران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا جارہا ہے اور صوبے کی معشیت کو تباہ کرکے یہاں کے عوام کو نان نفقہ سے محروم رکھنے کی سازش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے زمیندار وں کی گندم کی فصلات خشک ہوکر تباہ ہو چکی ہیں۔
جبکہ دیگر کاروباری افراد جن کا تعلق بجلی ہی سے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈئے پڑ گئے ہیں جبکہ بجلی کا بحران ہے کہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو فراہم کی جانے والی بجلی پنجاب کو دی جارہی ہے جو ناانصافی کے مترادف ہے انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان میں بجلی کے بحران کے خاتمہ کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے حالیہ بحران کے خلاف آج بروز ہفتہ شہر بھر کے تمام کاروباری مراکز احتجاجاً بند رکھے جائیں گے اور شہر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی جائے گی اور اگر پھر بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم نہیں کی گئی تو قومی شاہراہوں کو بند کرکے بلوچستان کا دیگر صوبوں سے مکمل رابطہ منقطع کیا جائے گا۔