شکارپور: امام بارگاہ کربلا معلیٰ کے 59 شہدا کی نماز جنازہ ادا

Funeral Prayers

Funeral Prayers

شکار پور (جیوڈیسک) شکارپور میں امام بارگاہ کربلا معلیٰ میں ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے 59 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، 41 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ لکھی در چوک پر ادا کی گئی۔

شکار پور امام بارگاہ کربلا معلیٰ میں جاں بحق ہونے والے 41 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ لکھی در چوک پر ادا کی گئی۔ جس میں شیعہ تنظیموں کے مرکزی رہ نماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ نماز جنازہ سید ارشاد علی نقوی نے پڑھائی۔ اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، لوگ اپنے پیاروں کی میتوں سے لپٹ کر روتے رہے۔

دھماکے میں جاں بحق دیگر 18 افراد کی نمازجنازہ اُن کے پیاروں نے قریبی امام بارگاہوں میں ادا کی اور اُن کی مقامی قبرستان میں تدفین کی گئی۔پولیس کاکہنا ہے کہ جائے حادثہ سے ملنے والے مبینہ خودکش بمبار کا سر ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوایا جائے گا۔ایس ایس پی ثاقب میمن نے لکھی در تھانے کے ایس ایچ او اور ہیڈمحرر کو معطل کردیا ہے۔

امام بارگاہ پر تعینات دو پولیس اہلکار بھی غفلت برتنے پر لکھی در تھانے میں بند کردئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی سی آئی اے راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں دھماکا خودکش لگتا ہے۔