وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ای ڈی او ہیلتھ گوجرانوالہ ڈاکٹر سعید اللہ خان کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کا دورہ۔ ڈاکٹر سعید اللہ خان نے ایم ایس ڈاکٹر الطاف حسین چوہدری کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور میڈیسن سٹور میں ادویات کے سٹاک کا معائنہ کیا۔ ای ڈی او نے سرکاری ایمبولینس، بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے جنریٹراور دیگر مشینری کی فعالیت کا جائزہ لیا۔ای ڈی او نے ہدائت کی کہ جو ادویات ہسپتال میں دستیاب ہیں ان کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائے۔
ہسپتال سے باہر کی ادویات کے نسخوںپر سخت نوٹس لینے کا عندیہ دیا ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کی جانب سے جو ادویات فراہم کی گئی ہیںوہ موثر اور امراض کے مطابق ہیں۔ایمرجینسی میں ادویات کا جائزہ لیا اور کہا کہ حتی الامکان کوشش ہے کہ مریضوں کو ادویات کے لئے ہسپتال سے باہر نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ طبی سہولتوں کی فراہمی میں روکاوٹ نہ آئے۔
اگر طبی عملہ اپنی ڈیوٹی پوری توجہ کے ساتھ اورشیڈول کے مطابق کریں تو ہسپتال کی فعالیت پر شکوک و شبہات پیدا نہیں ہوتے۔ انہوں نے اخبار نویسوں کے سوال پر کہا کہ تاریخ پیدائش و اموات کے لیٹ اندراج کا معاملہ قانونی ہے جس کو حکومت پنجاب کے نوٹیفیکیشن کے بغیر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ڈی ڈی او (ہیلتھ) کو منتقل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا ایم این اے اور ایم پی اے اس معاملے پر توجہ دیں اور قانونی طور پر اس مسئلے کو حل کیا جائے اور طریقہ کار کو آسان بنایا جائے۔بعد ازاں انہوں نے ڈاکٹر صاحبان اور دیگر عملہ کے ساتھ میٹنگ کی اور خصوصی ہدایات جار ی کیں۔