ویلنگٹن (جیوڈیسک) پہلے ون ڈے میں پاکستانی بیٹسمین حارث سہیل کو ڈرانے کیلیے بھوتوں کی ٹولی بھی اسٹیڈیم پہنچ گئی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے دوران بعض من چلے شائقین سفید چادریں اوڑھ کر اوٹ پٹانگ حرکتیں کرتے رہے اور نوجوان پاکستانی کرکٹر حارث سہیل کو ڈرانے کی کوشش کرتے رہے۔ ویلنگٹن میں ون ڈے میچ کے دوران ہر وکٹ گرنے پر کوئی دھن بجائی جاتی تھی، حارث سہیل 23رنز بناکر آؤٹ کر پویلین واپس لوٹے تو گھوسٹ بسٹرز فلم کی دھن بج رہی تھی۔
واضح رہے کہ نوجوان کھلاڑی کرائسٹ چرچ کے ہوٹل میں بھوت کی شکایت کرتے ہوئے خوفزدہ ہوگئے تھے جس پر ان کا کمرہ تبدیل کردیا گیاتھا۔ اس واقعے کے سائے اب بھی ان کا تعاقب کررہے ہیں۔