کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت نیشنل ہسپتال کے زیر اہتمام ڈاکٹر ز سے بھتہ وصولی اور ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد اور جزوی طور پر فرائض معطل کرکے شہید ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی اور شہر کراچی میں ڈاکٹر ز پر ہونے والے تشدد کے واقعات کی مذمت کی گئی۔
احتجاجی ریلی میں لیاقت نیشنل ہسپتال کے ڈاکٹرز کے علاوہ شہر کے ممتاز سرجن ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے شرکت کی اس موقع پر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمان فریدی نے شہر کراچی میں مسیحائوں کی ٹارگٹ کلنگ اور اُن سے بھتہ خوری کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تشدد کی حالیہ لہر کے دوران 100سے زائد ڈاکٹرز کو نشانہ بنا یا جاچکا ہے ڈاکٹر سلمان فریدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور ڈاکٹرز کے قتل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔اس موقع پر ڈاکٹروں نے ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خلاف پرزور احتجاج کرتے ہوئے نیشنل اسٹیڈیم روڈ پر احتجاجی مارچ کیا ڈاکٹروں نے احتجاجی بینرز اور پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔