نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں جیل توڑنے کے ایک بڑے واقعہ میں نوجوان ملزمان کے ایک حراستی مرکز میں بڑی تعداد میں قیدی بیڈ شیٹس کو آپس میں باندھ کر ان کی مدد سے تین منزلہ عمارت کی دیواروں کو پھلانگ کر فرار ہو گئے۔
شہر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس اوم پرکاش نے بتایا کہ مجموعی طور پر 91 قیدی جن میں متعدد قتل کے مجرمان شامل تھے رات گئے میروت جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کے بعد ان میں سے 35 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پرکاش نے مزید بتایا کہ یہ اس قدر مہارت سے کیا گیا کہ کسی کو اس کی خبر تک نہ پہنچی۔ جو قیدی ابھی تک فرار ہیں ان میں قتل، ریپ، چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیل توڑنے کا واقعہ رات ایک بجے سے تین بجے کے درمیان پیش آیا۔
واضع رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اسی جیل کے قیدیوں نے ایک پولیس اہلکار کو اس وقت تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جب اس نے ایک عدالتی مقدمے کے دوران ایک خاتون کے ساتھ ان کے ناروا رویے کا اعتراض کیا تھا۔