لاہور : ایوان ِ اتحاد پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جماعت اہلسنت کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات صاحبزادہ نعمان قادر مصطفائی نے کہا ہے کہ حضرت غو ث الوریٰ شیخ عبد القادر جیلانی نے ہمیشہ انسانیت کے ساتھ پیار کا درس دیا ہے اور آج بھی اگر اس خطہ میں امن و آشتی کی بہاریں نظر آرہی ہیں تو یہ صوفیاء کرام ہی کا فیضان ہے آج بھی صوفیاء کی تعلیمات کو اپنا کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ صوفیا ء نے ہمیشہ امن اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔
شیخ عبدا لقادر جیلانی نے ہمیشہ ظالم اور جابر حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کی ہے ان خیا لات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز السُنہ فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام لالہ زار کالونی ٹھوکر نیاز بیگ میں منعقدہ ماہانہ محفل بڑی گیارھویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا محفل کی صدارت السنہ فائونڈیشن کے سر براہ ،مفکر اسلام اور آستانہ عالیہ قادریہ کے سجادہ نشین علامہ پیر محمد اسلم شہزاد قادری نے کی محفل میں سکولزو کالجز کے طلبہ و طالبات کے علاوہ ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی ، علامہ پیر محمد اسلم شہزاد قادری نے کہا کہ کچھ نادان لوگ صوفیاء کے لبادہ اُڑھ کر صوفیاء کی تعلیمات کو مسخ کر رہے ہیں۔
آج گلی گلی محلہ محلہ جعلی عامل اور پیر سادہ لوح مسلمانوں کو لوٹ رہے ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ایسے جعلی اور خود ساختہ پیروں کے خلاف کریک ڈائون کرے اور سادہ لوح مسلمانوں کو اِن جعلی لٹیروں سے قوم کی جان چھڑائے تاکہ انسانیت سکھ کا سانس لے سکے تصوف کی ابجد سے ناواقف لوگ بھی اب گلی گلی صوفیاء کے لبادے میں تعویذ گنڈہ اور عملیات سے قوم کی جیبیں خالی کر رہے ہیں ہم بہت جلد السنہ فائونڈیشن کے پلیٹ فارم سے اُمید ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے جھگیوں میں رہنے والے خانہ بدوشوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر نے کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
نومسلم لوگوں کے تالیف ِ قلوب کے لیے فنڈز کا بھی اجراء کر رہے ہیں پہلے ہی لاہور میں 3ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں جہاں پر دکھی انسانیت کو ہر قسم کی مفت ادویات اور علاج معالجہ کی سہولتیں دستیاب ہیں اس موقع پر مخیر حضرات نے دل کھول کر اپنے عطیات بھی جمع کرائے آخر میں درودو سلام کے بعد ملک و قوم کی بقا اور اسلام کی سر بلندی کے لیے خصوصی دُعا بھی کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔