کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت کی جانب کے۔ الیکٹرک کو 650 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کے اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میںرابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب کا درجہ رکھتا ہے جو پورے ملک کو 75 فیصد سے زائد ریونیو کی مد میں حصہ دیتا ہے جس کے مطابق ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ حکومت کے۔ الیکٹرک کو کراچی کیلئے 1000 میگا واٹ بجلی فراہم کرنا چاہئے تھا کیونکہ کراچی کی آبادی اس سے قبل ہونیوالے معاہدے کے وقت کی آبادی سے کہیں زیادہ ہے لیکن اتنے بڑے اور اہم شہر کو بجلی کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے کے۔
الیکٹر ک کے معاہدے میں توسیع نہ کرنا کراچی کے شہریوں کے لئے قابل افسوس ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی معیشت میں کراچی کے کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں کے شہریوں سے انصاف کریں اور کے۔ الیکٹرک کو 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی کا سلسلہ دوبارہ شروع کروائیں۔
علاوہ ازیں قائد تحریک الطاف حسین نے سابق چیف جسٹس آف پاکستان ڈاکٹر نسیم حسن شاہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے ڈاکٹر نسیم حسن شاہ کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر نسیم حسن شاہ کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔(آمین)