تائی پے (جیوڈیسک) تائیوان میں مسافر طیارے کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی۔ غیرملکی خبرایجنسی نے 19 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تائیوان میں مسافر طیارہ دریا میں گر نے سے 19 مسافر ہلاک ہوگئے۔ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11بجے ٹرانس ایشیا کا مسافر طیارہ عملے سمیت 58مسافروں کو لے کر دوسرے شہر جا رہا تھا۔ طیارہ گرنے کے آخری لمحات کیمرے کی آنکھ میں بھی محفوظ ہوگئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ آخری لمحات میں طیارہ دریائے تائپے کے نزدیک ایک پل سے ٹکرایا۔ پُل سے ٹکرانے کے بعد طیارہ توازن کھوبیٹھا اور دریا میں جاگرا۔
حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے لائف جیکٹس، ربڑ کی کشتیوں اور رسیوں کی مدد سےمسافروں کو طیارے سے نکالنے کی کوششیں شروع کردیں۔ طیارے کے ملبے سے پہلے بچوں اور معمر افراد کونکالنےکی کوششیں کی گئیں۔ زخمیوں کوکشتیوں کی مدد سے کنارے پر لاکر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت موسم صاف تھا۔ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حادثے کے بعد طیارے کا ملبہ اطراف میں پھیل گیا۔ طیارے کی کمپنی کے چیف ایگزیکیٹو اور دیگر اعلیٰ حکام نے پریس کانفرنس میں حادثے پر معافی مانگ لی ہے۔