اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں موسم خشک اور سرد ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث راستوں کی بندش سے خوراک کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ گلگت بلتستان میں برف باری کا سلسلہ تھم تو گیا ہے لیکن موسم اب بھی ابر آلود ہے۔ غذر اور استور کے بیشتر بالائی علاقوں میں زمینی راستے کئی انچ برف پڑنے سے بند ہوگئے ہیں جنہیں بحال کرنے کے لئے اب تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ آزاد کشمیر میں بھی حالیہ برفباری سے بند ہونے والے راستوں کو اب تک نہیں کھولا جاسکا ہے۔
راستوں کی بندش سے آمد و رفت بری طرح متاثر ہے۔باجوڑ ایجنسی ، کرم ایجنسی سمیت قبائلی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ خیبر پختونخوا، پنجاب سندھ اور بلوچستان میں بھی موسم سرما ڈیرے ڈالے ہوئے ہے۔ بدھ کے روز ملک میں سب سے کم درجہ حرارت قبائلی علاقے پاراچنار میں منفی 9 ڈگری سینٹری گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔