وزیرآباد میں بھی مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ ہمدردی اور بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا

وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) یوم یکجہتی کشمیر کے موقعہ پر ملک بھر کی طرح وزیرآباد میں بھی مقبوضہ کشمیر کی عوام کیساتھ ہمدردی اور بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلہ میں جماعت اسلامی اور جمیعت اہلحدیث کے رہنمائوں کی زیرقیادت ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔جماعت اسلامی کی موٹر سائیکل ریلی اسلامک سینٹر سے شروع ہو کر مین بازارسے ہوتی ہوئی لاہوری دروازہ میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلیوں کے شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی اور بھارت کی بربریت کیخلاف نعرے درج تھے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق،امیر جماعت اسلامی صابر حسین بٹ، جمعیت اہلحدیث کے حافظ عبد الستار حامد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل ہوناچاہیے، حق خودارادیت کاحصول کشمیری عوام کابنیادی حق ہے۔اس حق کے حصول کیلئے مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بڑے پیمانے پر جانی قربانیاں دی ہیں اورآج تک دے رہے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حق خود ارادیت کیلئے مقبوضہ کشمیرکے عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔عالمی قوتوں کے ہاتھوں میںیرغمال پاکستان کے اہل اقتدار اور حکمران بھارتی افواج کے ہاتھوں مظالم کے شکار پاکستانیوں اور ان کے پاکستانی ہمدردوں کو بے وقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں،اگر ہمارے حکمران بہادر اور غیرتمند ہوتے تو کشمیر کا کب کا آ زاد ہو چکا ہوتااور اہل کشمیر ہندوؤں کی بربریت و درندگی کا شکار نہ ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے خلاف امریکہ،اسرائیل اوربھارت مسلسل سازشیں کر رہے ہیں ، اسلام دشمن شیطانی طاقتوں کے اتحاد نے دنیا پر اپنا تسلط قائم رکھنے کیلئے اپنے مقامی چیلوں کے ذریعے فرقہ واریت،دہشگردی،لسانیت،قومیت،علاقائیت کے بتوں کو کھڑا کیا ہے،جو بے گناہ لوگوں کو قتل کر کے مظلومین بالخصوص مظلوم کشمیری مسلمانوں کی آزادی کی تحریک کو سبوتاژکر رہے ہیں۔مقررین نے کہا کہ ہمیں اپنے دوستوں اوردشمنوں کو پہچاننا ہو گا۔ ریلی کے شرکاء نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ اپنے حق کی جدوجہدمیں شہیدہونے والے کشمیریوں کی قربانیوں کوقبول فرمائے اورکشمیری بھائی بہنوں کو ان کی قربانیوں کاصلہ دے۔یوم یکجہتی کے موقعہ پر شہر کے تمام تجارتی، کاروباری، صنعتی مراکز، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہے۔صبح نماز فجرکے بعد مساجد میں کشمیرکی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔

Kashmir Solidarity Day

Kashmir Solidarity Day