اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈار نے کہا ہے کہ حکمران جماعت کے کچھ افراد کو بڑے جھوٹ کی بنیاد پربڑی وزارت ملی ،جھوٹ بولنا اور بہتان لگانا ان کے بائیں ہاتھ کا کھیل ہے۔کپتان عمران خان” اصولی” جبکہ حکمران ”وصولی”کی سیاست کررہے ہیں۔حکمرانوں نے بدعنوانی کے اپنے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیے۔ حکمران یاد رکھیں شعبدہ بازی سے تبدیلی کی تحریک کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔اگر ایوان وزیراعظم میں افواہ ساز فیکٹریاں بندنہ ہوئیں توسیاسی عدم استحکام مزید بڑھ جائے گا اور جعلی حکومت کیفر کردار تک پہنچ جائے گی۔
وفاقی وزراء پرویزرشید،خواجہ سعد رفیق اورعابدشیر علی کے اشتعال انگیز بیانات سے ہماری جماعت یاقیادت نہیں بلکہ الٹا حکومت کیلئے مسائل پیداہورہے ہیں۔وفاق میں آئین اورقانون کی حکمرانی نہیں ،شخصی راج نے جمہوریت کویرغمال بنایا ہوا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں عمرڈار نے مزید کہا کہ اب تک این اے122اور125سمیت جوبھی حلقہ اوپن کیا گیا وہاں بڑے پیمانے پردھاندلی بے نقاب ہوئی ۔حکومت میں دم ہے تواین اے110بھی اوپن کرے، اس حلقہ میں بھی پچاس سے ساٹھ ہزارجعلی ووٹ منظرعام پرآئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ این اے110کے عوام نے پی ٹی آئی کے امیدوارعثمان ڈار کومینڈیٹ دیا تھا جورات کے اندھیرے میں چوری کرلیا گیا ۔ہم چوروں کے ٹولے سے اپنا مینڈیٹ واگزار کرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پرویزرشید وزیراطلاعات نہیں بلکہ وزیرمیڈیا ٹرائل جبکہ نیاپاکستان تحریک کے سرخیل عمران خان ان کاہدف ہیں۔