نصیر آباد: کوئٹہ آنے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کے 3 ٹاور تباہ

Power

Power

نصیرآباد (جیوڈیسک) بلوچستان کے ضلع نصیر آباد میں تخریب کاروں نے کوئٹہ آنے والی بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کے 3 ٹاور اڑا دئیے ،2 سرکٹ بند ہوجانے سے صوبے میں بجلی کا بحران دوبارہ سنگین ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ضلع نصیر آباد کے علاقے چھتر کے قریب نامعلوم افراد نے گدو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے 3 ٹاورز کو دھماکا خیز مواد سے نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں اس ٹرانسمیشن لائن کے دونوں سرکٹ سے بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔

این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بجلی کی ضرورت 1650 میگا واٹ ہے جبکہ ڈیڑھ سو سے دو سو میگاواٹ بجلی دستیاب ہونے سے بجلی کا بحران بڑھ گیا ہے۔دوسری جانب کیسکو ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قلت کے باعث کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں لوڈشیڈنگ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔