کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری اور الطاف حسین کی طویل مدت بعد ٹیلی فون پر بات چیت ہو ئی ہے۔ ایم کیو ایم اعلامیے کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ دوبارہ ساتھ چلنے کا معاہدہ ہوا تو سکسٹی فورٹی معاہدے پر مکمل دیانت داری کے ساتھ عمل ہوگا۔ سینیٹ انتخابات کے معاملے پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے درمیان ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ماضی کی تلخیوں، بدگمانیوں اور ناانصافیوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ اردو بولنے والوں کا بھی سندھ پر اُتنا ہی حق ہے جتنا سندھی بولنے والوں کا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کو مفاہمت اور افہام و تفہیم کی ضرورت ہے اور اگر دونوں جماعتوں کے درمیان دوبارہ ساتھ چلنے کا معاہدہ ہوا تو وہ یقین دلاتے ہیں کہ اس مرتبہ 40/60 کے طے شدہ معاہدے پر مکمل دیانتداری کے ساتھ عمل ہوگا۔ دونوں رہنماوں کے مابین سینیٹ کے الیکشن کے معاملات پر بھی تفصیلی اور مثبت پیش رفت ہوئی۔ اس سلسلے میں جلدہی دونوں جماعتوں کے رہنماوں میں تفصیلی بات چیت کا آغاز ہو گا۔