یمن: حوثی باغیوں کا حکومت پر قبضہ، پارلیمنٹ تحلیل

Yemen

Yemen

صنعاء (جیوڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں نے پر ’قبضہ‘ کرتے ہوئے پارلیمنٹ تحلیل کردی ،جبکہ سلامتی کونسل نے کہا ہے اگر باغیوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع نہ ہوئے تو مزید اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ سرکاری ٹیلی وژن پر کیے گئے اعلان کے مطابق پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے بعد صدارتی کونسل عبوری مدت کے لیے ملک کی باگ ڈور سنبھالے گی۔

حوثی باغیوں نے یہ اعلان اس وقت کیا جب اقوام متحدہ کی جانب سے امن مذاکرات کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ حوثی باغیوں کی جانب سے جاری ایک ’آئینی حکم نامے‘ میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا 551 ممبران پر مشتمل ایک نیشنل کونسل بنائے گی جو تحلیل شدہ پارلیمنٹ کی جگہ لے گی۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے حوثی باغیوں کے اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی آئین کے مطابق صرف صدر ہی قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا مجاز ہے ۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن میں سیاسی انتشار پر تشویش اظہار کرتے ہوئے باغیوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر یمنی صدر، وزیر اعظم اور کابینہ کے ارکان کی نظر بندی ختم کردے اور بات چیت کا آغاز کرے۔