نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں گرجا گھروں پر ہونے والے مسلسل حملوں کے خلاف مسیحی برادری کے سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کانشانہ بنایا گیا۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں گذشتہ دسمبر سے جنوری کے درمیان گرجا گھروں پر پانچ حملے کئے گئے۔
حملوں کے خلاف مسیحی برادری نے احتجاج کیا، ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت عیسائی برادری اور ان کے گرجا گھروں کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔
مظاہرے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو واقع کے خلاف ایکشن نہ لینے اور ان کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بھارتی پولیس نے مظاہرین کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی رہائش گاہ کی طرف جانے سے روک دیا۔ اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔