مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) کشمیر کی آزادی تک بھارت سے دوستی نہیں ہو سکتی، کشمیریوں نے لازوال قربانیوں کے باوجود اپنی تحریک کو کمزور نہیں ہو نے دیا، تحریک انصاف نے ہمیشہ عوام کے مسائل کیلئے آواز بلند کی، تحریک انصاف بر سر اقتدار آ کر کشمیر کی آزادی کو اولین ترجیح بنائے گی، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کوئی بھی چیز کا وجود شہہ رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب وومن ونگ کی نائب صدر مہمونہ حسین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف بھارت سے دوستی اور تجارت بڑھانے کی باتیں کرتے ہیں اُن 6لاکھ کشمیریوں کی قربانی کو بھول جاتے ہیں جنھوں نے اس آزادی کیلئے اپنی جان ومال اور عزت و آبرو قربان کر دی۔ پچھلے دنوں میں آزاد کشمیر گئی تو وہاں پر کچھ رہنمائوںسے ملاقات ہوئی تو اُنہوں نے کہا کہ ہم شملہ اور لاہور معاہدے کو نہیں مانتے کیونکہ کشمیری اُس میں فریق نہیں تھے۔
لہذا کشمیر کو اٹوٹ انگ کے دعوے کرنے والے فوجی قبضہ سے مقبوضہ وادی کو اپنے کنٹرول میں نہیں کر سکتے۔ نریندرمودی کی حکومت سے کوئی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ اقوام متحدہ کی اٹھارہ قراردادیں کشمیریوں کے حق میں پاس ہو چکی ہیں لہذا پاکستانی حکومت کو ہر محاذ پر کشمیریوںکیلئے آواز بلند کرنی چاہیے۔ مگر نواز شریف صاحب تو بھارت نواز پالیسی کو ترجیح دتیے ہیں اس لئے ن لیگ سے بھی کوئی خیر کی اُمید رکھنا بے وقوفی ہو گی۔