شہر کے بازار تجاوزات مافیا کے سپرد، شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) شہر کے بازار تجاوزات مافیا کے سپرد، شہریوں کا گزرنا محال ہوگیا، انتظامیہ کی عارضی اور فرضی کاروائیوں سے مافیا مضبوط ہوگیا۔ شہر کے تمام بازاروںمیں عرصہ دراز سے تجاوزات مافیا نے قبضے جما رکھے ہیں۔

مین بازار، موتی بازار، بکر گلہ، ریل بازار اور دیگر مقامات پربااثر دکانداروں نے فرنٹ پر ریڑھیوں، چھابڑی فروشوں کو بٹھا رکھا ہے جبکہ مین بازار میں دکانوں کے سامنے جوتوں اور ریڈی میڈ کپڑوں کے سٹالز سے یومیہ اور ماہانہ وصول کئے جاتے ہیں شہر کی کچھ شخصیات کو تجاوزات کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے جنہوں نے بازار کے حالات خراب کررکھے ہیں جبکہ کاروائی کی صورت میں افسران سے مل ملا کر دوبارہ تجاوزات قائم کرلی جاتی ہیں۔

بازار تنگ ہونے سے شہریوں کی آمدورفت محدود ہو کررہ گئی ہے بازاروں سے گزرتے ہوئے شہریوں بالخصوص خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کے مطابق مقامی انتظامیہ افسران کے دوروں کے موقعہ پر فرضی کاروائیاں کرتے ہوئے تجاوزات مافیاکو پیچھے ہٹنے کا کہہ دیا جاتا ہے جبکہ افسران کے جاتے ہی شہر پر پھر سے مافیا کا قبضہ ہوجاتا ہے۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈی سی او گوجرانوالہ سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔